قرآن کریم حفظ کرنے کا آسان طریقہ| 8 کارآمد نکات

قرآن کریم حفظ کرنے کا آسان طریقہ

قرآن کریم حفظ کرنے کا آسان طریقہ

 

قرآن کریم حفظ کرنے کا آسان طریقہ

قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے، اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری بھی اللہ نے لے رکھی ہے، اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت کا عظیم الشان نظام پیدا فرمایا ہے، اور وہ یہ ہے کہ لاکھوں مسلمان اپنے سینے میں قرآن کریم کی آیات کو بسا کر رکھتے ہیں، یقینا قرآن کریم کو حفظ کرنا اور اس کی آیات کو لوح دل پر نقش کر لینا بہت بڑا اعزاز ہے اور اس کے فضائل بھی بےشمار ہیں، اس لیے سچے مسلمانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بھی قرآن کریم کو حفظ کریں؛ لیکن انھیں اس کے لیے صحیح رہنمائی کی ضرورت درپیش ہوتی ہے۔ قرآن کے بیان کے مطابق بےشک قرآن کا یاد کرنا آسان کام ہے؛ تاہم اگر صحیح حکمت عملی اور ثابت قدمی نہ اختیار کی جائے تو یہ قرآن حفظ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے ہم نے اس مضمون میں قرآن کریم حفظ کرنے کا آسان طریقہ ذکر کیا ہے اور چند نکات ذکر کیے ہیں کہ قرآن حفظ کرنے کے سلسلے میں ان نکات پر عمل کیا جائے تو بہ آسانی یہ مرحلہ عبور کیا جا سکتا ہے۔

 

نیت کو درست کریں

قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے، اور اللہ تعالیٰ اس کے حفظ کی نعمت سے انھی بندوں کو نوازتا ہے جو واقعی اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی اور خوشنودی کے واسطے قرآن حفظ کرنا چاہتا ہو، اگر اس نیک عمل سے مقصود شہرت و ناموری ہو تو پھر اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد شامل حال یقینا نہیں ہوگی۔

 

 

اچھے استاذ کو چنیں

قرآن کریم اگر باضابطہ کسی استاذ کی نگرانی میں حفظ کیا جائے تو یہ عمل بہت آسان ہو جاتا ہے؛ لہذا ایک ایسے استاذ کا ضرور انتخاب کیا جائے تو قرآن کریم کا حافظ ہو، تجربہ کار ہو، اور بہترین قرآن پڑھتے ہوں؛ تاکہ وہ تلفظ و طرز ادا کی اصلاح کے ساتھ ساتھ اپنے تجربات کے ذریعے حفظ قرآن کے سفر کو آسان بنا سکے۔

 

 

وقت منتخب کریں اور معمول بنائیں

حفظ قرآن ایسا عمل ہے تو جو استقلال اور ثابت قدمی کا تقاضا کرتا ہے، اس حوالے سے غفلت یا سرد مہری کا مظاہرہ کیا جائے تو یہ عمل مشکل ہو سکتا ہے؛ لہذا ضروری ہے کہ ایک خاص وقت متعین کر لیا جائے جس میں قرآن یاد کیا جائے اور پابندی سے روزانہ اس وقت میں ایک آیت، نصف صفحہ یا ایک صفحہ جتنا ہو سکے یاد کرنے کو اپنی ذات پر لازم کر لے۔ فجر اور عشاء کے بعد کا وقت قرآن یاد کرنے کے لیے نہایت عمدہ وقت ہوتا ہے، اس وقت ذہن تر و تازہ ہوتا ہے اس لیے جلدی یاد ہوتا ہے۔

 

 

بار بار پڑھنا

کسی بھی چیز کو یاد کرنے میں تکرار مسلسل اور دہرانے کی بہت اہمیت ہے، قرآن حفظ کرنے کے لیے بھی آیتوں کو بار بار دہرانا ضروری ہے تب جاکر وہ ذہن پر نقش ہوتی ہیں۔

اس کا عملی طریقہ یہ ہے کہ جس آیت کو یاد کرنا ہو اس کو کامل انہماک، حاضر دماغی اور غور سے پانچ یا دس مرتبہ پڑھیں، پھر اس آیت کو بنا دیکھے پڑھنے کی کوشش کریں، اگر غلطی ہو جائے تو پھر سے دہرانا شروع کریں یہاں تک کہ بنا دیکھے اس آیت کو پڑھ سکیں، جب وہ آیت یاد ہو جائے تو دوسری آیت کے ساتھ ایسا ہی کریں جب یہ بھی یاد ہو جائے تو دونوں آیتوں کو ملاکر دہرائیں اور پھر دونوں کو بغیر دیکھے پڑھنے کی کوشش کریں، یہی ضابطہ ہر آیت پر لاگو کریں۔

 

 

پچھلا دہرائیں

قرآن حفظ کرنے میں محض یاد کرنا کافی نہیں ہے بلکہ یاد رکھنا اہم ہے، اس لیے یاد کی ہوئی آیتوں کو دہرانا ضروری ہے تاکہ وہ ہمیشہ کی طرح ذہن میں تروتازہ رہیں۔

اس عمل کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:

1. پہلا یہ کہ جو سبق یاد کرنا ہو اسے یاد کیا جایے۔

2. دوسرا یہ کہ پچھلے ایک ہفتے میں جتنا یاد کیا ہے اسے ترتیب وار دہرائیں اور یادداشت کا جائزہ لیں۔

3. تیسرا یہ کہ ایک ہفتے سے زاید یاد کی ہوئی آیتوں کو تربیت وار دہرائیں۔

 

 

نوافل پڑھیں

نمازوں کی پابندی کریں اور نوافل کی کثرت کا اہتمام کریں اور نمازوں جلدی کرنے کی بجائے اپنی یاد کی ہوئی آیتوں کو پڑھنے کا اہتمام کریں یہ عمل انتہائی کار آمد ہے کہ نماز اور قرآن کی آیت کی برکتوں کا اجتماع ہوتا ہے تو دل و دماغ روشن ہو جاتے ہیں۔

 

 

سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کریں

قرآن کریم کے نزول کا اصل مقصد ہدایت ہے؛ لہذا ممکن ہو تو قرآن کو سمجھ کر حفظ کریں، جو صفحہ یاد کرنا ہو پہلے اس کی آیتوں کا ترجمہ و تفسیر کا مطالعہ کریں اور مضمون کو ذہن میں بٹھا لیں پھر آیتوں کو یاد کریں اور اس مضمون پر منطبق کریں۔

 

 

استقامت اور دعا

اگر قرآن حفظ کرنے میں مشکل کا سامنا ہو تو ہمت نہ ہاریں، حفظ قرآن بہت بڑی فضیلت ہے اس کے حاصل کرنے میں تھوڑی مشقت ہو بھی برداشت کریں اور ان انعامات کے متعلق سوچیں جو حافظ قرآن کے لیے اللہ تعالیٰ نے تیار کر رکھا ہے۔

اور ہمیشہ استقامت کی دعا کریں، گناہوں سے بچیں، گٹکا، کھینی، تمباکو اور نشہ آور چیزوں کا استعمال بالکل ترک کریں، بدنظری اور فحش بینی سے کنارہ کشی اختیار کریں، حلال، پاکیزہ اور ذہن و دل کو تقویت دینے والی غذائیں کھائیں۔

 

ان شاء اللہ اس طرز پر قرآن کریم یاد کرنا انتہائی آسان ہو جائے یہ عمل مستقل مزاجی اور محنت کا طالب ہوتا ہے، ان نکات کے ساتھ خود یا اپنی اولاد یا اپنے شاگردوں کو قرآن یاد کرنے کا پابند بنائیں ان شاء اللہ اس کے مثبت نتائج ظاہر ہوں گے، اللہ پاک ہمیں قرآن سے محبت کرنے والا بنائے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے